ملتان: (دنیا نیوز) ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں محکمہ جنگلات کی عدم دلچسپی کے باعث درختوں کی کٹائی اور چوری کا سلسلہ جاری ہے، جس پر محکمے کے حکام نے قانونی کارروائی کی بجائے تاحال چپ سادھ رکھی ہے۔
ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے 13 اضلاع میں 5 لاکھ ایکڑ رقبے پر جنگلات ہیں۔ جن کی حفاظت کیلئے محکمہ جنگلات کے حکام سنجیدہ کارروائیاں کرنے کو تیار نہیں۔ جنوبی پنجاب میں 22 ہزار کلومیٹر کے نہری اور ریلوے ٹریک کے اردگرد درخت انتہائی کم رہ گئے ہیں۔ محکمہ کی غفلت کی وجہ سے درختوں کی کٹائی کیساتھ چوری کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جس سے سموگ کے خطرات منڈلانے پر شہری متعلقہ محکمے کی کارکردگی پر نالاں ہیں۔
حکومت نے جنگلات کی حفاظت کیلئے کوئیک رسپانس فورس بنا کر کل بجٹ کا ایک فیصد درختوں کیلئے مختص کردیا ہے لیکن اس کے باوجود ٹمبر مافیا کے فعال ہونے پر صوبائی وزیر کی منطق ہے کہ محکمے کے وسائل کم اور مسائل زیادہ ہیں جن کو حل کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔