لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں انسانی اسمگلرز بے لگام ہونے لگے، رواں سال انسانی اسمگلنگ کے 3871 مقدمات درج ہوئے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے وقار عباسی کا کہنا ہے کہ واقعات کی روک تھام کیلئے پورے پنجاب میں کریک ڈاؤن جاری ہے۔
انسانی اسمگلنگ سے متعلق سب سے زیادہ واقعات لاہور اور گوجرانوالہ میں پیش آئے۔ لاہور میں 1029 جبکہ گوجرانوالہ میں 1412 مقدمات درج کیے گئے۔ وفاقی تحقیقاتی ادارہ 864 ملزمان کو گرفتار کر سکا، لاہور سے 110 ملزم پکڑے گئے۔ ڈائریکٹر ایف آئی اے پنجاب نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت ایکشن لے رہے ہیں۔ لوگ لالچ میں آکر اپنا گھر بار بیچ کر باہر جانے کی کوشش کرتے ہیں اور مال کے ساتھ ساتھ جان سے بھی ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔