فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں زرعی یونیورسٹی کے شعبہ ڈی فارمیسی کے طلباء ڈگریاں کونسل آف ڈی فارمیسی (سی ڈی پی) سے الحاق شدہ نہ ہونے پر انتظامیہ کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ طلباء نے دھرنا دیتے ہوئے کلاسز کا بائیکاٹ بھی کیا۔
فیصل آباد زرعی یونیورسٹی کے شعبہ ڈی فارمیسی کے طلباء نے انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے جیل روڈ اور یونیورسٹی روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔ طلباء کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کا کونسل آف ڈی فارمیسی سے الحاق نہ ہونے کی وجہ سینکڑوں طلبہ کا مستقبل داوّ پر لگ گیا ہے۔
دوسری جانب ترجمان زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر قمربخاری کہتے ہیں کہ طلباء کا مستقل بچانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں اور جلد معاملات حل ہوجائیں گے۔
طلباء کے احتجاج کے باعث زرعی یونیورسٹی سے ملحقہ شاہراہیں بند ہونے سے شہری بھی آگ بگولا بن گئے۔ شہری کہتے ہیں کہ طلباء اور یونیورسٹی انتظامیہ کے آپس کے معاملات کی وجہ سے عام شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ طلباء کا کہنا تھا کہ مطالبات فوری طور پر پورے کئے جائیں بصورت دیگر احتجاجی دائرہ کار وسیع کردیا جائے گا۔