خواجہ برادران کی حفاظتی ضمانت، درخواست سماعت کیلئے منظور

Last Updated On 13 October,2018 06:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت قبل از گرفتاری مسترد ہونے کیخلاف سابق وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق نے حفاظتی ضمانت کیلئے اب لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لی گئی۔

خواجہ برادران نے لاہور ہائیکورٹ میں نئی درخواست ضمانت دائر کی ہے جس میں انہوں نے اپنی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کیا ہے، درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ نیب نے ان کیخلاف تحقیقات کیلئے 16 اکتوبر کو نیب آفس لاہور طلب کیا ہے اور یہ خدشہ ہے ان کو پیشی کے موقع پر حراست میں لے لیا جائے گا۔

خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان نے درخواست ضمانت میں یہ بتایا کہ دونوں بھائی اپنے خلاف نیب کی چھان بین میں مکمل تعاون کر رہے ہیں لیکن اس باوجود یہ خدشہ ہے کہ انہیں گرفتار کر لیا جائے۔ اس لیے ان کی حفاظتی ضمانت منظور کی جائے اور نیب کو پیشی پر ممکنہ گرفتاری سے روکا جائے۔

خواجہ بردار کی حفاظتی ضمانت پر سماعت ان کی نیب میں پیشی سے ایک دن پہلے 15 اکتوبر کو سماعت ہوگی اور لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دورکنی خواجہ برادران کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا۔