لاہور: (دنیا نیوز) چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کا کہنا ہے آئین کے خلاف کوئی اقدام قابل قبول نہیں، پاکستان کیلئے بہترین نظام جمہوریت ہے، عوامی مسائل کے حل کیلئے سوموٹو لینا ذمہ داری ہے۔
لاہور میں نامور وکیل رہنما اور سماجی کارکن عاصمہ جہانگیر کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کی تقریب ہوئی، جس میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار بطور بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے خطاب میں جہاں جمہوریت کو ملک کیلئے بہترین نظام قراردیا، وہیں آئین کےخلاف کسی بھی اقدام کے آگے ڈٹ جانے کی تلقین کی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار نے عاصمہ جہانگیر کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا انصاف کے دروازے 24 گھنٹے کھلے ہیں، معاشرے کے پسماندہ طبقے کی بہتری کیلئے عاصمہ جہانگیر کے مشن کو آگے لے کر بڑھنا ہے۔ انہوں نے کہا معاشرے میں استاد کا احترام ہونا چاہیے، گزشتہ روز ہونے والے واقعہ کا ازخود نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا عاصمہ جہانگیر سے انسانی حقوق کی اہمیت کو جانا، وہ حوصلے اور جرات کی علامت تھیں، عاصمہ جہانگیر خاتون ہونے کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹی رہیں، ان کا نظریہ آج بھی زندہ ہے۔