لاہور: (دنیا نیوز) سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کے اشتہاری ایس پی ڈاکٹر فرخ کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا، ملزم کو لندن سے واپسی پر ایف آئی اے نے کراچی ائیر پورٹ سے گرفتار کیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو سوموار 15 اکتوبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
سی آئی اے ماڈل ٹاون نے ملزم کو ہتھکڑی لگائے بغیر عدالت پیش کیا۔ پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کو لندن سے واپسی پر ایف آئی اے نے کراچی ائیر پورٹ سے گرفتار کیا اور ایف آئی اے نے ایس پی ڈاکٹر فرخ کو گزشتہ روز سی آئی اے ماڈل ٹاون کے حوالے کیا تھا۔
عدالت نے تفتشی افسر ڈی ایس پی سی آئی اے داود رضا سے استفسار کیا کہ ملزم کو کل عدالت پیش کیوں نہ کیا۔ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ عدالت پیش ہوئے تھے مگر عدالتی وقت ختم ہو چکا تھا، ملزم ایس پی کی جانب سے وکیل عامر سعید راں عدالت پیش ہوئے اور وکالت نامہ جمع کرایا۔
یاد رہے انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس میں سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت 115 افراد پر فرد جرم عائد کی تھی جبکہ تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔
عدالت نے سابق آئی جی کو فرد جرم پر دستخط کرنے کا حکم دیا تو مشتاق سیکھرا نے فرد جرم پر دستخط کرنے سے انکار کیا۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ فرد جرم پڑھ کر سائن کریں، ورنہ عدالت اپنا حکم جاری کرے گی۔ عدالتی حکم کے بعد مشتاق سکھرا نے فرد جرم پر دستخط کر دیئے۔