اسلام آباد: (دنیا نیوز) چین اور پاکستان کی حکمران جماعتوں میں اعلیٰ سطح پر رابطہ ہوا ہے۔ چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کا دورہ کیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ آمد پر سیکرٹری جنرل ارشد داد نے کمیونسٹ پارٹی کے قائدین کا خیرمقدم کیا۔ کمیونسٹ پارٹی کے انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کے ساؤتھ ایشیا بیورو کی ڈائریکٹر جنرل سن ہائی یان چینی وفد کی قیادت کر رہی ہیں۔ 5 رکنی وفد میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے دیگر عہدیداران اور چینی سفارتخانے کے حکام بھی شامل ہیں۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اعزاز آصف اور رکن صوبائی اسمبلی عائشہ چودھری بھی ملاقات میں موجود تھیں۔
پاکستان تحریک انصاف اور کمیونسٹ پارٹی کے وفود کی ملاقات میں پاک چین تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پی ٹی آئی وفد نے کہا کہ تحریک انصاف چین کے ساتھ تعلقات کو نہایت اہمیت دیتی ہے۔ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے کا بہت اہم ذریعہ ہے۔ چینی وفد نے انتخابات میں کامیابی پر تحریک انصاف کے وفد کو مبارکباد پیش کی۔