منشا بم کو سپریم کورٹ کے احاطہ سے گرفتار کر لیا گیا

Last Updated On 15 October,2018 10:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) زمینوں پر قبضے سمیت متعدد مقدمات میں مطلوب منشا بم سپریم کورٹ کے باہر سے گرفتار، اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ پہنچا دیا گیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید خرم علی کا کہنا ہے کہ منشا بم کی گرفتاری کے لئے لاہور پولیس کی ٹیم اسلام آباد روانہ کر دی گئی ہے، ملزم متعدد مقدمات میں مطلوب ہے، اس سلسلے میں ہم اسلام آباد پولیس سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ منشا بم کی گرفتاری کے کے لئے ڈی ایس پی کی سربراہی میں ٹیم روانہ کی گئی ہے۔ منشا بم کے خلاف قتل، اقدام قتل، لڑائی جھگڑوں اور زمینوں پر قبضوں کے مقدمات درج ہیں۔ ملزم منشا بم کو گرفتار کر کے تفتیش کی جائے گی۔

خیال رہے کہ لاہور میں زمینوں پر قبضے کے الزام میں مطلوب ملزم منشا بم آج خود سپریم کورٹ پہنچا تھا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران منشا بم کا کہنا تھا کہ وہ گرفتاری دینے کیلئے عدالت آیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں منشا بم نے کہا کہ ان کے خلاف مقدمات سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے اور ان کا حقائق سے کوئی تعلق نہیں، نہ اس نے زمینوں پر قبضے کئے ہیں اور نہ ہی کبھی اور کوئی غیر قانونی کام کیا۔

منشا بم اور اس کے بیٹوں پر زمینوں پر قبضے کے حوالے سے 70 سے زائد مقدمات درج ہیں اور وہ طویل مدت سے پولیس کو مطلوب بھی تھا، مگر تمام تر کوششوں کے باوجود پولیس اسے گرفتار کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکی تھی۔ پولیس نے اس کی تلاش میں کئی مقامات پر چھاپے بھی مارے لیکن اسے گرفتار کرنے میں پوری طرح ناکام رہی تھی۔