کوئٹہ: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات ظہور بلیدی کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے صحافیوں کو دیگر صوبوں کے برابر مراعات ملنی چاہیں۔ بلوچستان حکومت گوادر میں مقامی لوگوں کے حقوق کی تحفظ کرے گی۔ وزیراعظم نے بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
بلوچستان کے وزیر اطلاعات ظہور بلیدی نے کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہو گی کہ صوبے میں صحافیوں کے مسائل کو حل کریں۔ میڈیا چینلز کے مالکان سے بلوچستان کو کوریج دینے کے لیے بات کریں گے۔ بلوچستان کے ڈمی اخبارات نکالنے والے ڈی جی پی آر ملازمین کے خلاف ضرور کارروائی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت محض باتوں کی حد تک نہیں بلکہ صوبے کی ترقی کے لیےعملی اقدامات بھی کرے گی۔ ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان شدید مالی بحران کا شکار ہے لیکن ایشیائی ترقیاتی بینک سے قرضہ لینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔
بلوچستان حکومت میں اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے ظہور بلیدی نے کہا کہ جام کمال کی قیادت میں بلوچستان حکومت مضبوط ہے۔