لسبیلہ (دنیا نیوز ) لسبیلہ کے گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں پرانی جہاز کو توڑنے کے دوران آگ لگ گئی، آتشزدگی کے واقعہ میں 7 افراد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پالیا، آگ لگنے کے واقعہ کے بعد جہازوں کی کٹائی پر دفعہ144 کے تحت پابندی عائد کر دی گئی۔
گڈانی شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر 10 پر مزدور ناکارہ بحری جہاز کو توڑنے میں مصروف تھے، کٹر سے سپارکنگ کے باعث ناکارہ بحری جہاز میں آگ لگ گئی، واقعہ میں 7 مزدور زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
6 مزدوروں کو ہسپتال حکام نے ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا جبکہ ایک مزدور کو تشویشناک حالت میں کراچی منتقل کر دیا گیا، ریسکیو ٹیموں نے ایک گھنٹے کے کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔ لسبیلہ کی ضلعی انتظامیہ نے گڈانی شپ بریکنگ میں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد جہازوں کی کٹائی پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی۔