ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں ضلعی انتظامیہ غیر قانونی سلنڈروں والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاون کرنے سے گریزاں، شہریوں کے اپنی زندگیوں کے حوالے سے تحفظات تاحال برقرار ہیں۔
ملتان میں رواں سال گاڑیوں کے سلنڈر پھٹنے سے 10 افراد جاں بحق جبکہ 25 جھلس کر زخمی ہوئے، جس پر حکومت نے ضلعی انتظامیہ کو غیر قانونی سلنڈر والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاون کا حکم دیا۔ ضلعی انتظامیہ کی فرضی کارروائیاں صرف فوٹو سیشنز تک ہی محدود رہیں جس کی وجہ سے پبلک ٹرانسپورٹ کے ذریعے سفر کرنے والے شہریوں کی زندگی کو تاحال خطرات لاحق ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر فیصل حیات بھی کریک ڈاون کے حوالے سے بے بس دکھائی دیتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی سلنڈروں والی گاڑیوں کو بند کرنے کے لیے حکومت موثر قانون سازی کرے۔
ٹریفک پولیس کی ملی بھگت سے ٹرانسپورٹرز کی غیر قانونی سلنڈروں والی گاڑیاں سڑکوں پر رواں دواں ہیں، جن کے خلاف شہریوں نے عملی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔