لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب کے سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی پر پابندی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دے دیا، عدالت نے ڈی جی سوشل ویلفیئر کو بھی کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، جس میں سگریٹ نوشی پر پابندی کے قوانین کی پاسداری نہ کرنے کی نشاندہی دہی کی گئی۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق پبلک آفس اور تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی کی جاتی ہے۔ تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی سے بچوں کی صحت پر برا اثر پڑتا ہے اور تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی کی عادت منشیات میں بدل رہی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت دفاتر اور تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی پر پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا حکم دے۔ عدالت نے پنجاب کے پبلک آفس اور تعلیمی اداروں میں سگریٹ نوشی پر پابندی کے قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ چیف سیکرٹری پنجاب آج ہی میٹنگ کرکے پابندی کے حوالے سے کل تک اداروں کو نوٹسز جاری کریں۔ عدالت نے ڈی جی سوشل ویلفیئر کو بھی کل ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔