عثمان بزدار کمزور چیف منسٹر نہیں، گورنر پنجاب

Last Updated On 30 September,2018 10:59 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ عثمان بزدار سمجھدار آدمی ہیں، سب سے گائیڈ لائن لیتے ہیں، ہمیں تقریروں کے بجائے چیف منسٹر کی پرفارمنس کو دیکھنا چاہیے۔

دنیا نیوز کے پروگرام ”محاذ“ میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عمران واحد لیڈر ہیں جنہوں نے بیوروکریسی کو غیر سیاسی بنانے کی بات کی ہے، سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی بیوروکریسی پر گرفت تھی، دس سال اداروں میں تبادلوں میں مداخلت ہوتی رہی۔

چودھری سرور نے بتایا کہ گورنر پنجاب بننے سے پہلے شریف برادران میرے مشوروں کو مان لیتے تھے لیکن عہدہ سنبھالنے کے بعد میری شریف برادران سے انڈرسٹینڈنگ نہیں رہی۔ میری آئیڈلوجی عمران سے ملتی ہے، وہ اداروں کو سیاسی مداخلت سے پاک کرنا چاہتے ہیں۔

گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب کے وزرا سابق چیف منسٹر شہباز شریف کے پرنسپل سیکرٹری کے آفس کے باہرلائنیں لگا کر بیٹھتے تھے، اب ایسا نہیں ہوتا، ہم تمام منسٹری کو بااختیار بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کمزور چیف منسٹر نہیں، سمجھدار آدمی ہیں جو سب کی بات کو سنتا ہے، وہ بغیر پروٹوکول ہسپتالوں کا دورہ کرتے ہیں، ہمیں تقریروں کے بجائے چیف منسٹر کی پرفارمنس کو دیکھنا اور انھیں وقت دینا چاہیے۔
 

Advertisement