لاہور (دنیا نیوز ) وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، انہوں نے سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی نگرانی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت کے اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے ہیڈ آفس کادورہ کیا۔ عثمان بزدار نے یوم عاشور پر سی سی ٹی وی کیمروں سے جلوسوں کی مانیٹرنگ کے نظام کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے مانیٹرنگ کے نظام پر اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے جلوسوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے میں جدید ٹیکنالوجی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر تک بڑھائیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے سول سیکرٹریٹ میں محرم الحرام کے مرکزی کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔
انہوں نے کنٹرول روم کے مختلف شعبے دیکھے۔ وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 2 لاکھ 15 ہزار پولیس اہلکار قیام امن کیلئے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر عثمان بزدار نے کہا کہ یوم عاشور پر جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لئے جدید نظام وضع کیا گیا ہے۔ پنجاب حکومت کے اقدامات سے یوم عاشور پرامن رہے گا۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں امن و امان کے لیے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔