پنجاب حکومت: قبضہ گروپوں اور تجاوزات کیخلاف آپریشن کا فیصلہ

Last Updated On 05 September,2018 07:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیرِاعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے زیرِ صدارت اجلاس میں قبضہ گروپوں اور تجاوزات کیخلاف آپریشن کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

وزیرِاعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اس پر عملدرآمد کیلئے واضح اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن بااثر اور طاقتور مافیا سے شروع ہو گا۔ اجلاس میں پلاٹس یا اراضی پر انفرادی قبضے کی شکایات کے ازالے کیلئے ٹاسک فورس بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) میں تعینات لاہور پولیس کی نفری کو بھی تبدیل کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ اس ٹاسک فورس کے قیام سے ایسے شہریوں کو ریلیف مل سکے گا جن کے پلاٹس پر قبضے ہوئے ہیں۔

اجلاس میں ایل ڈی اے کے زیرِ انتظام 22 پٹرول پمپس کی لیز کی نیلامی کا بھی فیصلہ کیا گیا، نیلامی کے طریقہ کار پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گیا۔ وزیرِاعلیٰ نے ہدایت کی کہ نیلامی کا تمام عمل شفاف اورسپریم کورٹ کے فیصلے کے عین مطابق ہونا چاہیے۔