کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے عائشہ منزل کے قریب شاہراہ پاکستان پر ٹریفک حادثے میں ایک خاتون جاں بحق ہوگئی، واقعے پر اہل علاقہ مشتعل ہو گئے اور کئی گھنٹے احتجاج جاری رکھا، انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔
رات گئے شارع پاکستان پر ٹریفک حادثہ ہوا، خاتون پیدل سڑک پار کر رہی تھی کہ تیز رفتار ٹینکر کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئی جبکہ حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور ٹینکر سمیت فرار ہوگیا۔
واقعے کے بعد مشتعل افراد سڑک پر آگئے اور ٹریفک کو بلاک کر دیا۔ انہوں نے شدید نعرے بازی اور فوری انصاف کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کے باعث ایمبولینسز بھی ٹریفک میں پھنس گئیں اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا، تا ہم انتظامیہ سے مذاکرات کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے اور ٹریفک کو بحال کر دیا گیا۔