کراچی: (دنیا نیوز) لیاری گینگ وار کا سرغنہ غفار ذکری پولیس مقابلے میں ہلاک کر دیا گیا ہے لیکن اب بھی ملک سے باہر 10 خطر ناک اشتہاریوں کی موجودگی شہریوں کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔
کراچی کی گینگ وار میں مطلوب 10 خطرناک اشتہاری ملک سے باہر موجود ہیں، یہ تمام اشتہاری بیرون ملک سے نہ صرف گینگ چلاتے ہیں بلکہ بھتہ خوری، اغوا اور منشیات کے مذموم دھندے میں بھی ملوث ہیں۔ کراچی کا امن و امان تہہ و بالا کرنے والوں میں فیصل پٹھان، وصی لاکھو، سلیم چاکلیٹی، شاہد، ایاز زہری، آصف سردار اپنے کارندوں کے زریعے کارروائیاں کراتے ہیں۔
شیراز کامریڈ اور سماعیل اومان میں بیٹھ کر گینگ چلاتے ہیں، اُستاد تاجو نہ صرف جنوبی افریقہ سے آپریٹ کرتا ہے بلکہ دبئی اور ساؤتھ افریقا بھی بلا خوف و خطر سفر کرتا ہے، یہ تمام دہشتگرد کراچی آپریشن شروع ہوتے ہی بلوچستان فرار ہو گئے تھے۔ ان میں سے ایک لیاری میں خوف و بر بریت کی علامت سمجھا جانے والا گینگ وار ماسٹر غفار زکری جس کے سر کی قیمت 25 لاکھ مقرر تھی۔ گزشتہ روز اپنے ساتھی زاہد چھوٹا سمیت لیاری کے علی محمد محلے میں پولیس مقابلے میں مارا گیا ہے۔
غفار ذکری نے اپنے 3 سال کے جس بیٹے کو اپنے پچاؤ کے لئے ڈھال بنایا تھا وہ بھی فائرنگ کی زد میں آکر جان گنوا بیٹھا۔ غفار ذکری کو منطقی انجام تک پہنچانے پر پولیس کی کامیاب کارروائی پر کراچی پولیس چیف نے انعامات کا اعلان بھی کیا۔ مفرور دہشتگردوں کی گرفتاری کے لئے پولیس سمیت دیگر ادارے سرگرم ہیں۔