کراچی: (دنیا نیوز) غیر قانونی طریقے سے جائیداد باہر منتقل کرنے والوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائیگا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ حکومت نے ایف آئی اے کو ایمنسٹی اسکیم کے حوالے سے تحقیقات کرنے سے متعلق کوئی احکامات جاری نہیں کیے۔
سائٹ ایسوسی ایشن کے تاجر و صنعتکاروں سے ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو ان مگرمچھوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم جاری کیا ہے جنہوں نے اپنی جائیدادیں بغیر ٹیکس کے باہر منتقل کردی ہیں۔ عمران اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ نئی حکومت سے غلطیاں ہوسکتی ہیں مگر ہم اپنے ملک کے ساتھ بے ایمانی نہیں کرینگے۔ شہر قائد کی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کے مختلف منصوبوں پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
اس موقع پر تاجر برادری کا کہنا تھا کہ حکومت کی سستی کے باعث شہر میں اسٹریٹ کرائم کے ساتھ اغواء برائے تعاوان کی وارداتوں میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ حکومت فوری طور پر ان مسائل پر توجہ دے تاکہ شہر میں امن و امان کی فضا قائم ہوسکے۔