کراچی: (روزنامہ دنیا) کراچی چیمبر کے صدر کا کہنا ہے کہ تاجروں کے خلاف کارروائی سے قبل اعتماد میں لیا جائے۔
کراچی چیمبر کے صدر جنید ماکڈا نے ایف آئی اے کی جانب سے تاجروں کو ہراساں کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف آئی اے کو چاہیے کہ وہ اس قسم کی کارروائی اور نوٹسز جاری کرنے یا افراد کو طلب کرنے سے پہلے کے سی سی آئی کے ساتھ ایسے افراد سے متعلق تفصیلات کا تبادلہ کر کے اعتماد میں لے تاکہ اُن افراد کی عزت نفس مجروح نہ ہو جنہوں نے ایمنسٹی اسکیم کے تحت اپنے اثاثے ظاہر کیے۔
کے سی سی آئی کے صدر نے ڈی جی ایف آئی اے بشیر احمد میمن کو بھیجے گئے ایک خط میں کہا کہ ایف آئی اے کو ملزم کے بارے میں کے سی سی آئی کے ساتھ معلومات کا ضرور تبادلہ کرنا چاہیے تاکہ اس قسم کے کیسز کا مکمل طور پر جائزہ لیا جاسکے اور اگر کوئی اس کا مرتکب یا غلط پایا گیا تو کے سی سی آئی ایف آئی اے کی تحقیقات میں مداخلت نہیں کرے گا۔