قبائلی افراد کے بغیر پاسپورٹ، ویزہ افغانستان جانے پر پابندی

Last Updated On 17 October,2018 12:53 pm

خیبر: (روزنامہ دنیا) طور خم بارڈر پر حکام نے مقامی قبائل کے بغیر ویزہ پاسپورٹ افغانستان جانے پر ایک مرتبہ پھر پابندی عائد کر دی۔ یہ اقدام ہمسایہ ملک میں‌ پارلیمانی الیکشن کے باعث افغان حکام کی درخواست پر اٹھایا گیا اور بارڈر پر سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے.

طورخم پر پاکستانی حکام نے افغان حکام کی درخواست پر مقامی قبائل کو بارڈر کراس کرنے کی اجازت نہیں دی، طورخم انتظامیہ کے مطابق پاسپورٹ پر بغیر ویزہ کے مقامی قبائل کو افغانستان جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور افغان حکام کی درخواست پر ایسا کیا گیاکہ بغیر ویزہ پاسپورٹ کسی کو جانے کی اجازت نہ دی جائے۔

سینکڑوں مقامی قبائل، محنت کش، ٹرانسپورٹرز بغیر ویزہ کے افغانستان جاتے ہیں اور یہ رعایت افغانستان حکومت نے خود دی ہے۔ ذرائع کے مطابق افغانستان میں پارلیمانی الیکشن ہے اور بارڈر پر سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے، اس وجہ سے احتیاطی تدابیر کے طور پر مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔

دوسری جانب پاک افغان سرحد تین روز تک بند رہنے کے بعد گزشتہ روز کھول دی گئی، واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کو پاک افغان سرحد پر پیش آنے والے واقعے کے بعد پاک افغان باب دوستی بند کر دیا گیا تھا اس دوران دونوں جانب پھنسے سینکڑوں افراد اتوار کی رات گئے اے این پی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی کی کوششوں سے اپنے گھروں کو پہنچ گئے تاہم سرحد پر ہر قسم کی آمدورفت معطل رہی۔