اسلام آباد: (روزنامہ دنیا ) الیکشن کمیشن نے اراکین پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ 31 دسمبر 2018ء تک اپنے اور اپنے زیر کفالت افراد کے اثاثہ جات کے سالانہ گوشوارے جمع کرائیں۔
گو شوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کی رکنیت 15 جنوری کے بعد معطل کر دی جائے گی۔ یہ گوشوارے الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
عام طور پر ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کو اب تک محض رسمی کارروائی ہی سمھجا جاتا رہا ہے۔ تاہم موجودہ سیاسی صورتحال میں اس عمل کی اہم بہت بڑھ گئی ہے۔
قانون کے مطابق اگر کوئی بھی شہری محسوس کرے کہ کسی رکن پارلیمنٹ کے گوشواروں میں کوئی چیز ظاہر نہیں کی گئی تو وہ اس کے خلاف عدالت میں جا سکتا ہے۔ قانون کے مطابق غلط گوشوارے جمع کرانے والے کے خلاف متعلقہ ڈ سٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں مقدمہ دائر کیا جا سکتا ہے۔ الزام ثابت ہو جانے کی صورت میں اس رکن پارلیمنٹ کو جرمانے کے علاوہ تین سال قید کی سزا اور سات سال کے لیے نااہل بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔