این اے 53 میں شکست: پی پی پی، ن لیگی کارکنان میں ٹھن گئی

Last Updated On 15 October,2018 08:37 pm

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) وفاقی دارالحکومت میں این اے 53 حلقہ میں ضمنی انتخاب کا معرکہ پی ٹی آئی کے علی نواز اعوان نے جیت لیا۔

ضمنی انتخاب میں شکست کے بعد ن لیگی کارکنان میں شدید غصے کی لہر پائی جاتی ہے۔ ن لیگی کارکنان نے راجہ وقار ممتاز کی شکست کی وجوہات میں سے ایک وجہ پی پی پی کے کارکنان کی عدم حمایت کو ذمہ دار ٹھہرا دیا ہے۔ اسلام آباد میں ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے جانب سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کو کارکنوں نے مسترد کردیا ہے۔ کارکنان کا موقف ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے حامیوں اور کارکنوں کی اکثریت نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو ووٹ نہیں دیا۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز ضمنی انتخاب کے موقع پر این اے 53 میں پی ٹی آئی کے علی اعوان کا مقابلہ ن لیگ کے وقار ممتاز کے ساتھ تھا۔ تمام 315 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق علی نواز اعوان نے 50943 ووٹ حاصل کر کے جیت اپنے نام کی۔