اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) ملک کے 59 فیصد عوام نے نیب کی کارکردگی کو شاندار اور تسلی بخش قرار دیا ہے، 37 فیصد پاکستانی نیب کی کارکردگی سے کسی حد تک غیر مطمئن نظر آئے۔ نیب کی کارکردگی کے بارے میں سروے رپورٹ جاری کر دی گئی۔
چیئرمین جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا جس میں نیب کی کارکردگی کے بارے میں حالیہ گیلپ سروے کو خوش آئند قرار دیا گیا۔ سروے کے مطابق ملک کے 59 فیصد عوام نے نیب کی کارکردگی کو شاندار اور تسلی بخش قرار دیا ہے، 37 فیصد پاکستانی نیب کی کارکردگی سے کسی حد تک غیر مطمئن نظر آئے۔
سروے میں ملک بھر سے شماریاتی طور پر منتخب مردوخواتین سے نیب کی کارکردگی کے بارے میں پوچھا گیا، 29فیصد نے مجموعی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا، 30فیصد عوام نیب کی کارکردگی سے کسی حد تک مطمئن تھے، 19 فیصد عوام نیب کی کارکردگی سے کسی حد تک غیر مطمئن تھے جبکہ 18فیصد لوگ نیب کی کارکردگی سے مکمل طور پر غیر مطمئن تھے، 4 فیصد عوام نے کسی رائے کا اظہار نہیں کیا۔