اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم دو روزہ دورے پر آج سعودی عرب روانہ ہوں گے، کل سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
ملک کو معاشی دلدل سے نکالنے کیلئے وزیراعظم عمران خان فرنٹ لائن پر آگئے، پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے آج سے غیرملکی دوروں پر نکلیں گے۔ وزیراعظم عمران خان پہلے مرحلے میں آج سعودی عرب پہنچیں گے، جہاں منگل کو ریاض میں سعودی حکام سے اہم ملاقاتیں شیڈول ہیں۔
سعودی قیادت کے ساتھ معاشی تعاون کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی، واپسی پر وزیراعظم عمر ان خان سرمایہ کاروں اور صنعتکاروں سے بھی ملیں گے۔ دورہ سعودی عرب مکمل ہونے پر وزیراعظم 28 اکتوبر کو ملائیشیا جائیں گے، جہاں پاک ملائیشیا معاشی تعاون پربات چیت ہوگی۔
وزیراعظم 29 اکتوبر کو وطن واپس پہنچیں گے اور 3 نومبر کوچین کے دورے پر روانہ ہوں گے، وزیراعظم چینی قیادت سے سی پیک اور معاشی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔