اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم پاکستان اور آرمی چیف نے افغان صوبے قندھار میں ہونے والے دہشتگردی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے دہشتگردی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ افغانستان میں عوام اور فورسز دہشتگردی کی بھاری قیمت ادا کر رہے ہیں، پاکستان امن واستحکام کے لیے افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
عمران خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ افغانستان میں امن خطے میں ترقی کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان کو بھی انتخابات کے دوران دہشتگرد حملوں کا سامنا رہا ہے، اس لیے ہم افغان عوام کے درد کو محسوس کر سکتے ہیں۔
دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی افغانستان کے صوبے قندھار میں ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قندھار حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کے لیے افغانستان میں امن آنا بہت ضروری ہے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ خواہش ہے کہ افغان اور دیگر سیکیورٹی فورسز افغانستان میں طویل عرصہ سے جاری تشدد کو خاتمہ کرنے میں کامیاب ہوں۔
ادھر دفتر خارجہ نے افغانستان صوبے قندھار میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل کی اس گھڑی میں افغان حکومت اورعوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
Condemnable terrorist attack targeting Kandahar s governor, police chief & Intel chief. Our condolences & prayers go to President Ghani, the families of the victims & the ppl of Afghanistan. Peace & security of Pakistan is inextricably linked to peace & security in Afghanistan.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) October 18, 2018
بیان میں کہا گیا یے کہ افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے جمہوریت ناگزیر ہے، پاکستان افغان جمہوری عمل کی حمایت کے لیے افغان عوام اور حکومت کے ساتھ ہے، امید کرتے ہیں کہ افغان پارلیمانی انتخابات پرامن ہونگے۔
خیال رہے کہ افغان کے صوبے قندھار میں کیے گئے ایک حملے میں صوبائی پولیس سربراہ عبدلرازق اور افغان خفیہ ادارے این ڈی ایس کے صوبائی سربراہ ہلاک جبکہ اس حملے میں امریکی فوج کے کمانڈر بال بال بچے۔
COAS condemns Kandahar incident. “Wish to see Afghan and other security forces succeeding to bring an end to this prolonged violence in Afghanistan. Peace in Afghanistan is essential for peace in the region. Support all initiatives towards this end”, COAS.
— Maj Gen Asif Ghafoor (@OfficialDGISPR) October 18, 2018
نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل سکاٹ ملربال بال بچ گئے لیکن ان کے ساتھ موجود دو اور امریکیوں کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔