اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابنیہ کا اجلاس جاری ہے، کابینہ اجلاس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔
ذرائع کے مطابق، کابینہ کو حکومت کے 100 روزہ پلان پر بریفنگ دی جائے گی، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر عشرت حسین کابینہ کو بریفنگ دیں گے، ممنوعہ بورڈ اسلحہ لائسنس منسوخی کا نوٹیفکیشن واپس لینے کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔
کراچی کے مسائل کے حل کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا قیام بھی ایجنڈے کا حصہ ہے، وزراء، سرکاری ملازمین کے غیرملکی دوروں سے متعلق معاملہ بھی زیرغور آئے گا، کابینہ کو ایل این جی ٹرمینلز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جائے گی، ایرا کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے تقرر کا معاملہ بھی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
کابینہ اجلاس میں مختلف ممالک کے ساتھ معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کی منظوری دی جائے گی، سی پیک پر قائم کابینہ کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کی جائے گی، وزیرخزانہ کی جانب سے اقتصادی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی جبکہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے متعلق کابینہ کو آگاہ کریں گے۔