اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں، برآمدات کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم عمران خان کے زیرِ صدارت ملک کی معاشی صورتحال پر اجلاس ہوا جس میں وزیر خزانہ اسد عمر، مشیر عبدالرزاق داؤد، گورنر سٹیٹ بینک، چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
وزیر خزانہ اسد عمر نے ملکی معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف سے مذاکرات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں شریک کاروباری شخصیات نے ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز دیں جنہیں اجلاس میں زیر غور لایا گیا۔
اجلاس میں صنعت، زراعت اور آئی ٹی کے شعبوں کو ترقی دینے پر بھی بات کی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برآمدات کو فروغ دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، سرمایہ کاروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔