لاہور: (دنیا نیوز) ماہرین کا کہنا ہے کہ عارضی مشکل فیصلے مستحکم معیشت کیلئے ناگزیر ہیں ان سے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔
ایشین ڈیولپمنٹ بینک نے معاشی استحکام اور مشکلات کا شکار معیشت کی بحالی کیلئے نئی حکومت کے 100 روزہ پلان کی نہ صرف تائید کی ہے بلکہ بینک پاکستان کو مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی خواہاں ہے۔ ایک رپورٹ میں ماہرین معیشت کے مطابق اے ڈی بی کے سینئر حکام نے آئندہ 3 سال کیلئے پیداواری ہدف کے حصول میں مالی معاونت کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
بینک حکام کے مطابق پاکستانی معیشت اس وقت بحران کا شکار ہے جس سے نبرد آزما ہونے کیلئے بینک نجی شعبہ کی ترقی و حوصلہ افزائی، تجارت کے فروغ اور اداروں میں اصلاحات کیلئے دوبارہ اپنا کردار ادا کرنے کی خواہش بھی رکھتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عارضی طور پر مشکل فیصلے اور مزید ٹیکسوں کے نفاذ سمیت ٹیکس نیٹ میں توسیع کے قومی معیشت پر دور رس نتائج برآمد ہوں گے جو ملک کے مستقبل کیلئے انتہائی ضروری ہیں۔