نان فائلرز پر دوبارہ پابندیاں، مقامی کار اسمبلرز کو پھر دھچکا

Last Updated On 09 October,2018 06:22 pm

کراچی: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف کی جانب سے دباؤ کے باعث ٹیکس گوشوارے داخل نہ کروانے والوں پر نئی مقامی اور درآمد شدہ کاروں کی فروخت پر دوبارہ پابندی عائد ہونے کی وجہ سے مقامی کار اسمبلرز کے کاروبار کو ایک بار پھر دھچکا لگا ہے۔

 اسٹاک مارکیٹ میں کار ساز کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں بھی گر گئی ہیں۔ پی ایس ایکس کے اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ جمعہ کو ٹریڈنگ کے دوسرے سیشن کے اختتام پر اٹلس ہنڈا کارز پاکستان لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 11.74 روپے، انڈس موٹر کمپنی کے شیئر میں 64.62 روپے، پاک سوزوکی موٹرز کمپنی لمیٹڈ کے حصص میں 14.78روپے، گندھارا نسان لمیٹڈ کے حصص میں 5.71 روپے اور دیوان فاروق موٹرز کے شیئرز میں 1.09 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

اسٹاک تجزیہ کاروں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے آئی ایم ایف کی طرف سے پاکستان کی کمزور معیشت کے بارے میں منفی ریمارکس کے سبب پی ایس ایکس کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 860 پوائنٹس گرا تھا، اس کے نتیجے میں سرگرم حصص کی قیمتیں کم ہوئی تھیں لیکن کار کمپنیوں کے حصص بہت زیادہ متاثر ہوئے تھے۔

Advertisement