اسلام آباد: (دنیا نیوز) گیس کی قیمتوں میں اضافہ، گیس صارفین پر 94 ارب روپے کا بوجھ ڈال دیا گیا، گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 27 ستمبر سے ہوگا۔
اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق گیس کی قیمتوں میں 143 فیصد تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ماہانہ 500 کیوبک میٹر سے زائد گیس استعمال کرنے والوں کے لیے قیمت میں 143 فیصد، ماہانہ 50 کیوبک میٹر تک گیس استعمال کرنے والوں کے لیے قیمتوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ ماہانہ 50 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والوں کا بل 252 سے بڑھ کر 275 روپے، ماہانہ 100 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والوں کا بل 480 سے بڑھ کر 551 روپے، ماہانہ 200 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والوں کا بل 1851 سے بڑھ کر 2216 روپے کر دیا گیا ہے جبکہ ماہانہ 300 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والوں کا بل 2764 سے بڑھ کر 3449 روپے ہو جائے گا۔
ماہانہ 400 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والوں کا بل 9990 سے بڑھ کر 12980 روپے، ماہانہ 500 کیوبک میٹر گیس استعمال کرنے والوں کا بل 12482 سے بڑھ کر 30339 روپے اور ماہانہ 500 کیوبک میٹر سے زائد گیس استعمال کرنے والوں کا بل 14973 سے بڑھ کر 36402 روپے ہو جائے گا۔
حکومت کی جانب سے کمرشل صارفین کے لیے بھی گیس کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ کمرشل صارفین کے لیے گیس کی قیمتوں میں 57 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ فرٹیلائزر سیکٹر کے لیے گیس کی قیمتوں میں 40 سے 50 فیصد اضافہ کیا گیا۔ جنرل انڈسٹری اور کیپٹِو کے لیے قیمتوں میں 40 فیصد اور پاور سیکٹر کے لیے گیس کی قیمتوں میں 57 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ سیمنٹ سیکٹر کے لیے 30، سی این جی سیکٹر کے لیے قیمتوں میں 40 فیصد اضافہ کردیا گیا۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے کا اطلاق 27 ستمبر سے ہوگا۔