حکومت کا قرض کیلئے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 08 October,2018 09:41 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کا آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ، آئی ایم ایف کو باقاعدہ درخواست دی جائے گی، حکومت آئی ایم ایف سے 6 سے 8 ارب ڈالر پروگرام پر بات چیت کرے گی۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، وزیر خزانہ کی سربراہی میں وزارت خزانہ کی ٹیم نے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی جس کے بعد عمران خان نے وزارت خزانہ کی تجاویز منظور کرلیں۔ حکومت آئی ایم ایف کو باقاعدہ درخواست دے گی اور 6 سے 8 ارب ڈالر پروگرام پر بات چیت کرے گی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ کوشش ہے کہ عام آدمی پر مشکل فیصلوں کا اثر کم سے کم پڑے۔ ہم نے کسی گروہ یا فرد کی بہتری کے لیے سخت فیصلے نہیں کیے، ہم نے فیصلے ملک کی بہتری کے لیے کیے ہیں۔ ہم ہر چند سال بعد آئی ایم ایف کے سامنے بیٹھے ہوتے ہیں کیونکہ پرانے قرضے دینا ہوتے ہیں اور پیسے نہیں ہوتے۔

اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ حکومت جو چھوڑ کر گئی ہے ان کے ساتھ بھی یہ ہی ہوا تھا، معیشت کی بہتری کے لیے روایتی سرکل توڑنا ہے، معیشت کو پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ مشکل معاشی حالات کا پوری قوم کو ادراک ہے، مشاورت کے بعد آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات کا فیصلہ کیا ہے۔ معاشی بحران سے کامیابی سے نکلنا ہماری ترجیح ہے اور مشکل سے نکلنے کے لیے ایک سے زیادہ ذرائع استعمال کریں گے۔ معاشی بحالی کیلئے دوست ملکوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

Advertisement