کراچی: (دنیا نیوز) پاکستانی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ڈالر کے مقابلے پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، مارکیٹ میں آج ایک بار پھر امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے 32 پیسے مہنگا ہونے کہ بعد 133 روپے 25 پیسے کی سطح پر بند ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 1 روپے 50 پیسے اضافہ ہوا، جس کے بعد عام عوام کے لیے ڈالر 133 روپے 50 پیسے کا ہوگیا۔
ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ ڈالر کی تیزی سے بڑھتی ہوئی قیمت پاکستانی معیشت کے استحکام کیلئے انتہائی خطرناک ہے، اگر فوری طور پر ڈالر کی قیمت کنٹرول نہ کیا گیا تو آنے والے دنوں میں ملک میں مہنگائی کا نیا سیلاب آنے کا خطرہ ہے۔
پاکستان میں امریکی ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے پہلے ہی مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوچکا ہے اور اگر اس کی قیمت میں ہونے والے اضافے کو فوری نہ روکا گیا تو مہنگائی میں مزید اضافے کا امکان ہے۔