وزیراعظم دو روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

Last Updated On 22 October,2018 11:16 pm

ریاض: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سعودی فرماں رواں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر سرمایہ کاری کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے۔

دو روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم کانفرنس میں شرکت کے علاوہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ سی پیک میں شرکت اور سرمایہ کاری پر بات ہو گی۔

مستقبل میں سرمایہ کاری کے مواقع کے عنوان سے ہونے والی کانفرنس میں دنیا بھر سے ممتاز کاروباری شخصیات، سرمایہ کار، بڑی کاروباری کمپنیوں اور ہائی ٹیک انڈسٹری کے نمائندگان شرکت کر رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کانفرنس میں پاکستان کے حوالے سے منعقدہ سیشن، علاقائی ترقی اور استحکام کا مرکز میں بھی شرکت اور خطاب کریں گے۔ کانفرنس پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند اہم کاروباری رہنماؤں کے ساتھ رابطے کا موقع فراہم کرے گی۔

وزیراعظم عمران خان سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں سی پیک میں سعودی عرب کی سرمایہ کاری اور گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام پر بھی بات چیت ہو گی۔

وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد چودھری اور مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

وزیراعظم اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران مدینہ منورہ پہنچے تو ائیرپورٹ پر گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر پاکستان میں سعودی کے سفیر نواف المالکی جبکہ قونصل جنرل شہریار اکبر خان، سعودی حکام اور قونصلیٹ کے افسران بھی استقبال کیلئے موجود تھے۔

عمران خان اپنے وفد کے ہمراہ روضہ رسول ﷺ پر حاضری دیں گے اور عشا کی نماز اور نوافل ادا کریں گے۔