کراچی: (دنیا نیوز) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کسی بھی جماعت کا کوئی بھی شخص کرپشن میں ملوث نکلا تو اس کا احتساب ہو گا۔
فنکشنل لیگ کے ضلعی رہنما شفقت شاہ کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا مٹھی کے ہسپتالوں کی حالت بہت خراب ہے لیکن وزیر صحت ان کی حالت بہتر کرنا چاہتے ہیں، ہسپتالوں کی بہتری کے لیئے سب کو مل کر اقدامات کرنا ہونگے۔
ان کا کہنا تھا کہ سکھر کے حالات دیکھ کر بہت افسوس ہوا لیکن پیپلز پارٹی یورپ کے طرز کی سڑکیں بنانے کا دعوے کر رہی ہے جو لمحہ فکریہ ہے۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیرِاعلیٰ سندھ کی سکھر پر خاص توجہ کی ضرورت ہے، 18 ویں ترمیم کے بعد صحت اور تعلیم کا معاملہ صوبائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی خواہش تو ہے کہ سندھ میں صحت اور تعلیم کا معاملہ بہتر ہو لیکن 10 سالوں سے بہتری نہیں آئی تاہم پی ٹی آئی حکومت سندھ میں بہتری کے لئے بھرپور اقدامات کرے گی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان میں کبھی کسی بھی طاقتور پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا، سب سے بڑے طاقتور شخص کا احتساب ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہے، کسی بھی جماعت کا کوئی بھی شخص کرپشن میں ملوث نکلا تو اس کا احتساب ہو گا۔