لگثری گاڑیوں کی برآمدگی، فیکٹری منیجر کی ضمانت منسوخی کیلئے درخواست دائر

Last Updated On 23 October,2018 10:15 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کسٹم حکام نے سابق سینٹیر سیف الرحمان کی فیکٹری سے لگثری گاڑیوں کی برآمدگی کے معاملہ میں ضمانت پر رہا فیکٹری منیجر عرفان صدیقی کی ضمانت کی منسوخی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

کسٹم نے فیکٹری مینجر ملزم عرفان صدیقی کی ضمانت منسوخی کے لیے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کسٹم حکام کا کہنا تھا کہ قطری شاہی خاندان کے نام پر منگوائی گئی گاڑیوں کی غیر قانونی کلئیرنس کرائی گئی، گاڑیوں کی کلئیرنس کے لیے دفتر خارجہ نے غیر قانونی استثنی کے سرٹیفکیٹ جاری کیے، قطری سفارتخانے کے نام پر 330 گاڑیاں امپورٹ کی گئیں، قطری شاہی خاندان کے افراد کے نام پر آنے والی 280 گاڑیاں اب بھی پاکستان میں موجود ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ 23 لگژری گاڑیاں چھاپہ مار کر برآمد کر لی ہیں، پاکستان میں چھپائی گئی 257 گاڑیوں کی تلاش جاری ہے، قطری خاندان کے نام پر امپورٹ کی گئی پچاس گاڑیاں بیرون ملک بھیجی جا چکی ہیں۔

عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سپیشل جج کسٹم ٹیکسیشن نے ملزم عرفان صدیقی کی 1 لاکھ کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی، عدالت ملزم عرفان صدیقی کی ضمانت منسوخ کرنے کا حکم دے، مزید تفتیش اور گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے ملزم کا جسمانی ریمانڈ بھی دینے کا حکم دیا جائے۔
 

Advertisement