فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں ایک ہی روز میں ٹرین کی ٹکر سے 2 افراد لقمہ اجل بن گئے، جھمرہ میں ریلوے پھاٹک نہ ہونے کے باعث اس سے قبل بھی متعدد بار جان لیوا حادثات رونما ہوچکے ہیں۔
فیصل آباد میں ایک ہی روز میں تیز رفتار ٹرینوں نے 2 افراد کو اپنا شکار بنالیا۔ کچا جھمرہ کے قریب ریلوے لائن پر پھاٹک نہ ہونے کے باعث کراچی سے آنے والی تیز رفتار قراقرم ایکسپریس نے ریلوے لائن عبور کرتی ہوئی ویگن کو ٹکر مار دی، جس سے ویگن ڈرائیور رحمت اللہ موقع پر جاں بحق ہوگیا۔ اہل علاقہ کے مطابق پھاٹک نہ ہونے کے باعث اس سے قبل بھی ایسے جان لیوا حادثات رونما ہوچکے ہیں۔
دوسری جانب جھمرہ روڈ پر واقع مہندی محلہ کے قریب ریلوے لائن کراس کرتا 16 سالہ مخبوط الحواس سفیان نامی نوجوان فیصل آباد سے لاہور جانے والی نان سٹاپ کی ٹکر سے موت کی آغوش میں پہنچ گیا۔ دونوں حادثات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء نے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ ایسے حادثات کی روک تھام کیلئے فوری طور پر اقدامات عمل میں لائے جائیں۔