اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے کہا کہ جس بینچ نے آسیہ بی بی کا فیصلہ دیا وہ کم عاشق رسول نہیں، لوگوں کو ہمارا فیصلہ پڑھنا چاہیے، کسی کے خلاف ثبوت نہ ہو تو کیسے سزا دے دیں، حضرت محمد صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ناموس کیلئے شہید ہونے کو بھی تیار ہیں۔
سپریم کورٹ میں نئے آئی جی اسلام آباد کی تقرری سے متعلق وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ہم صرف مسلمانوں کے نہیں عیسائیوں کے بھی قاضی ہیں، کسی کے خلاف ثبوت نہ ہو تو کیسے سزا دے دیں۔
چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا کہ لوگوں کو ہمارا فیصلہ پڑھنا چاہیے، نبی صلی اللہ علیہ وسم پر ایمان کے بغیر دین مکمل نہیں ہوتا، ہم نے اللہ کو نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے پہچانا، جس بینچ نے آسیہ بی بی کا فیصلہ دیا وہ کم عاشق رسول نہیں، کچھ جج صاحبان تو بیٹھے درود پاک ہی پڑھتے رہتے ہیں، نبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے ناموس کیلئے شہید ہونے کو بھی تیار ہیں۔