نیا آئی جی تعینات کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی درخواست مسترد

Last Updated On 01 November,2018 11:01 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے اسلام آباد میں نیا آئی جی تعینات کرنے کیلئے وفاقی حکومت کی درخواست مسترد کر دی۔ چیف جسٹس ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ آپ چاہتے ہیں ہم اپنا پہلا فیصلہ واپس لے لیں، ایڈیشنل آئی جی کو آئی جی کا اضافی چارج دے دیں۔

وفاقی حکومت کی جانب سے نئے آئی جی اسلام آباد کی تعیناتی کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ اٹارنی جنرل انور منصور نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد کی صورتحال کشیدہ ہے، نئے آئی جی کی تقرری کی اجازت دی جائے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر آئی جی ملک سے باہر ہوتا تو پھر بھی آپ کسی کو اضافی چارج دیتے، آئی جی کی ذمہ داریاں عارضی طور پر ایڈیشنل آئی جی کو دے دی جائیں۔

یاد رہے سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے کا حکم نامہ معطل کر دیا تھا۔ جسٹس اعجاز الاحسن کا سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے کہنا تھا وزیراعظم نے ٹیلیفون پر کہا تبادلہ کر دیں اور آپ نے کر دیا، آئی جی پولیس وزارت داخلہ کے ماتحت ہیں، وزیراعظم کا آئی جی کے تبادلے میں کوئی کردار نہیں ہونا چاہیئے۔
 

Advertisement