پشاور: (دنیا نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں 2 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، صوبے میں تعداد 4 تک پہنچ گئی، ملک بھر میں رواں سال 8 کیسز رپورٹ ہوگئے۔
خیبر پختونخوا میں حالیہ ضم ہونے والے قبائلی ضلع باجوڑ کے 2 بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی، وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پولیو بابربن عطاء نے بچوں میں وائرس کی تصدیق کر دی۔
محکمہ صحت حکام کے مطابق باجوڑ کی یونین کونسل کٹ کوٹ کی 5 سالہ بچی اور 7 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، متاثرہ بچی کو 7 بار ویکسین دی جا چکی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق رواں سال بلوچستان میں 3، خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ اور خیبر میں ایک جبکہ ضلع باجوڑ میں 2 کیسز سامنے آئے، ایک کیس کراچی کے علاقے گڈاب میں رپورٹ میں ہوا ہے، جس کے بعد رواں سال پاکستان میں پولیو کیسز کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے پولیو بابربن عطاء کے مطابق کے پی میں پولیو کیسز سے متعلق گورنرخیبرپختونخوا کے ساتھ میٹنگ کر کے حکمت عملی طے کی جائے گی۔