کراچی: (دنیا نیوز) صدرمملکت پاکستان ڈاکٹرعارف علوی کہتے ہیں تعلیمی میدان میں جامعات کا معیار بڑھانے کی ضرورت ہے، ملک کی کوئی جامعہ دنیا کی ٹاپ 500 میں شامل نہیں۔ سائنس کے شعبے میں تحقیق پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
جامعہ کراچی میں قدرتی مصنوعات کے مستقبل پر دوسرے بین الاقوامی سپموزیم کا انعقاد کیا گیا، تقریب کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ سائنس کے شعبے میں تحقیق کی بہت ضرورت ہے۔ تعلیمی میدان میں ہمیں اپنی جامعات کے معیار کو بڑھانا ہوگا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں سنی سنائی باتوں پر یقین کرلیا جاتا ہے کہ پانی سے گاڑی چلائی جاسکتی ہے، کسی نے دعوی کر دیا کہ میرا بنایا ہوا تیل ہتھیلی پر بال اگا سکتا ہے۔
صدر مملکت نے مزید کہا کہ سائنس و حکمت کے شعبوں میں حکیم سعید اور پروفیسر ڈاکٹر عطاالرحمان کی خدمات کو نہیں بھلایا جاسکتا۔