لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ق کے رہنماؤں چوہدری پرویز الہیٰ اور طارق بشیر چیمہ نے جہانگیر ترین سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چودھری سرور کو کنٹرول کریں، انہوں نے وزیر اعلی کو نہیں چلنے دینا، وزیر اعظم کی کاوشوں سے جلد قرض سے نجات پالیں گے۔
دوسری جانب عمران خان بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے دفاع میں آ گئے، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جب عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ بنایا تو پارٹی میں تحفظات تھے، بہت سے لوگوں نے وزیر اعلیٰ بنانے سے منع کیا تھا۔
مسلم لیگ ق کے رہنماء طارق بشیر چیمہ کا دنیا نیوز سے گفتگو میں کہنا تھا کہ چودھری سرور کی مداخلت پر اپنی قیادت کوشکایت لگائی، ہمیں صرف اپنے حلقے میں مداخلت سے اعتراض ہے، ہم ناراض ہیں نہ ہونے جا رہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت پوچھے گی تو بتا دوں گا کہ کیا مداخلت ہے، جہانگیر ترین صاحب سینیٹ الیکشن سے متعلق تشریف لائیں تھے۔
طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ میرے حلقے کا مسئلہ ہے اسے میں نے ریز کیا ہے، میں نے کیا ایسی بات کر دی جس سے طوفان کھڑا کیا جا رہا ہے۔
معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ہمارے مخالفین کو شریف وزیر اعلیٰ ہضم نہیں ہو رہا، پارٹی کے اندر ایک فیصد بھی وزیر اعلیٰ سے متعلق کوئی اختلاف نہیں، اگر ایسے ہی کلپس نکالنے لگے تو کوئی بھی نہ بچے، سیاق وسباق سے ہٹ کر مطلب کی باتیں چلائی گئی۔