لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نظریات کی جنگ کرنیوالے کسی کی خدمت نہیں کررہے، مذہب کے نام پر سیاست نہیںہونی چاہئے. حکومت مذہبی قیادت کے ساتھ چلے گی، پاکستان میں پہلی مرتبہ ربیع الاول کا جشن سرکاری سطح پر منایا جارہا ہے۔
لاہور میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ صوفیائے کرام نے پاکستان کی دھرتی کوفیض بخشا، علم وآگہی سے پرامن اورترقی یافتہ معاشرہ تشکیل پانا ضروری ہے۔ نظریات کی جنگ کرنیوالے کسی کی خدمت نہیں کررہے اور نہ ہی بندوقوں سے یہ نظریاتی مسئلے حل ہوتے ہیں۔ ریاست جب تک تمام مسالک کو برابری کا ماحول نہ دے بہتری نہیں آ سکتی۔ ہمارے ہاں المیہ یہ ہے کہ انتشاراوربدامنی پھیلانے والے دلیل سے عاری ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان بہتری کی طرف جارہاہے، وزیراعظم عمران خان سچے عاشق رسولﷺ ہیں، پاکستان میں پہلی مرتبہ ربیع الاول کا جشن سرکاری سطح پر منایا جارہا ہے۔ سرکاری ٹی وی اور ریڈیو محفل نعت کے پروگرام نشرکریں گے، لاہور میں بڑی محفل نعت منعقد ہو گی، دیگر بڑے شہروں میں بھی تقریبات منعقد ہوں گی۔