اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ملک میں طبقاتی قانون کا رواج ہے، اسلام آباد میں لینڈ مافیا بالکل برداشت نہیں کروں گا، غربا کی زمینوں پر قبضے کرنے والوں کے خلاف آپریشن آگے بڑھایا جائے۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدرات اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی دارالحکومت سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، سیکرٹری داخلہ نے اسلام آباد کی مجموعی صورتحال، امن و امان، قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشنز و دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے اسلام آباد کیلئے خصوصی پیکج تیار کرنے کی ہدایت دی اور لینڈ مافیا سمیت ڈرگ ڈیلرز کے خلاف کارروائی کیلئے کوآرڈینیشن کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیا۔ کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری داخلہ کریں گے جبکہ وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، رکن اسمبلی راجاخرم نواز کمیٹی کی رہنمائی کریں گے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے آئی جی سے سفارشات طلب کیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد کو ماڈل سٹی بنانے اور قانون کی حکمرانی کیلئے پولیس و انتظامیہ سے تعاون کیا جائے گا، بااثر لوگوں کے جرائم سے چشم پوشی اور غرباء کو سزا دی جاتی ہے، غریبوں کی زمینیں ہتھیانے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہ برتی جائے۔