اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت حماد اظہر کی آئی ایم ایف ٹیم سے ملاقات ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق ٹیکس اصلاحات اور آمدن بڑھانے پر مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں، وفد کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس پالیسی بورڈ ایف بی آر سے الگ کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) ٹیم سے ملاقات کی، اس ملاقات میں چیئرمین ایف بی آر جہانزیب خان اور دیگر ٹیکس حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے ساتھ ٹیکس اصلاحات اور آمدن بڑھانے پر مذاکرات کامیاب رہے ہیں، آئی ایم ایف ٹیم نے ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی کو خوش آئند قرار دیا۔
آئی ایم ایف ٹیم کو ٹیکس آمدن بڑھانے، ٹیکس چوری کی روک تھام اور ٹیکس نوسٹز پر بریفنگ دی گئی اور یقین دہانی کرائی گئی کہ ٹیکس چوروں کے خلاف کارروائی بلا امتیاز جاری رہے گی۔
آئی ایم ایف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹیکس پالیسی بورڈ ایف بی آر سے الگ کیا جائے گا اور ٹیکس اصلاحات پر رفتار تیز کی جائے گی۔