اسلام آباد: (دنیا نیوز) لوٹی گئی دولت بیرون ملک سے پاکستان واپس لانے کیلئے نیا قانون اور سنٹرل اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ قانون سازی کے بعد بیرونی ممالک سے معاہدے کئے جا سکیں گے۔
پاکستان کی لوٹی گئی رقم بیرون ممالک سے واپس لانے کیلئے حکومت نے بڑا اقدام کر لیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بیرونی ممالک کےساتھ رابطے کیلئے سنٹرل اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزارت قانون نے‘میوچل لیگل اسسٹنس’ کےقانون کا مسودہ وزیراعظم کو بھجوا دیا۔
وزارت قانون کے مطابق سنٹرل اتھارٹی میں ایف آئی اے، ایس ای سی پی، ایف بی آر اور نیب کے نمائندے شامل ہوں گے، سیکرٹری داخلہ یا گریڈ21 کا وفاقی افسر اتھارٹی کی سربراہی کرے گا، اتھارٹی بننے کے بعد بیرون ممالک کے ساتھ معاہدے ہو سکیں گے، نیا قانون بیرون ممالک سے رقم واپس لانے کے لئے معاون ثابت ہو گا۔