کراچی: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ سندھ سے چینی سفیر مسٹر یاؤ جنگ نے ملاقات کی۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز چینی قونصل خانے پر حملے کو ناکام بنانے پر شکر گزار ہوں، واقع کے بعد آپ سے خود ملنے آیا ہوں۔
گزشتہ روز چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد چینی سفیر مسٹر یاؤ جنگ نے وزیر اعلی سندھ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیف سیکریٹری ممتاز شاہ، آئی جی ڈاکٹر کلیم امام، پرنسپل سیکریٹری ساجد جمال ابڑو بھی شامل تھے۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ چینی قونصل خانے پر حملے کو ناکام بنانے پر آپ کے شکر گزار ہیں، اس لئے آپ سے خود ملنے آیا ہوں۔
وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ چینی ہمارے بھائی ہیں انکی سکیورٹی ہماری زمہ داری ہے، مراد علی شاہ نے تمام قونصلیٹ کی سکیورٹی آڈٹ کی ہدایت کردی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ سیف سٹی پروجیکٹ کو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ جبکہ گزشتہ روز حملے کے جواب میں ہلاک ہونے والے دہشتگرد بلوچستان سے آئے تھے، اس حوالے سے چیف منسٹر بلوچستان سے بھی رابطہ ہوا ہے تاہم سندھ اور بلوچستان بارڈر پر چیکنگ مزید سخت کی جائے گی۔