آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل: نیب کو سپلیمینٹری ریفرنس دائر کرنے کا حکم

Last Updated On 29 November,2018 08:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں نیب کو دو ہفتے میں سپلیمینٹری ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دئیے کہ ریفرنس دائر ہونے کے بعد ہی ملزمان کی ضمانت سے متعلق درخواستوں پر فیصلہ کریں گے۔

جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سکینڈل کے ملزمان کی ضمانت سے متعلق درخواستوں کی سماعت کی۔ نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ شہباز شریف کے زیر حراست ہونے کی بنا پر ملزمان کے خلاف ریفرنس دائر نہیں کر پا رہے، شہباز شریف کے جوڈیشل ریمانڈ ہونے پر ہی ریفرنس فائل ہو سکتا ہے، آشیانہ ہاؤسنگ سکینڈل میں ملزمان کے خلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کیلئے 3 ہفتوں کی مہلت دی جائے۔

جس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دئیے کہ جن کا کیس ہمارے سامنے نہیں، ہمیں اس میں کوئی دلچسپی نہیں، آپ آدھا کچا آدھا پکا ریفرنس فائل نہ کریں۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ ریفرنس فائل ہونے کے بعد ہی ملزمان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ کیا جائیگا۔