کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن سیاسی تنازع بن گیا، قابضین کے بعد سیاسی جماعتیںبھی برہم نظر آنے لگیں. ڈاکٹر فاروق ستار میئر کراچی وسیم اختر سے، ایم کیوایم پاکستان سندھ حکومت سے ناراض ہو گئی۔ صوبائی حکومت نے آپریشن کےخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، قابضین کے بعد سیاسی جماعتوں کےلیے بھی برہمی کا باعث بن گیا۔ ڈاکٹر فاروق کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد کراچی کا ریٹیل بزنس کسی اورکے حوالے کرنے کی سازش ہے، انہوں نے 8 دسمبر کو احتجاج کا اعلان کر دیا۔
تجاوزات کے خلاف آپریشن پرایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی بھی برہم نظر آئی۔ کنور نوید جمیل نے کہا کہ سپریم کورٹ کے احکامات میں سڑکوں، فٹ پاتھوں اور نالوں سے تجاوزات ہٹانے کا کہا گیا لیکن عدالتی احکامات پر عمل کے بجائے متعصبانہ رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔
ادھر سندھ حکومت نے تجاوزات کے خلاف عدالتی حکم پرجاری آپریشن کے دوران رہائشی آبادیوں کومسمار ہونے سے بچانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کا فیصلہ کر لیا۔ مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب کا کہنا تھا کہ تجاوزات کا خاتمہ ضروری ہے لیکن گھروں کو مسمار اور لوگوں کو بے دخل نہیں کیا جانا چاہیے۔