اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے ایازصادق کو چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بنانے کی پیشکش کر دی، پی اے سی کی سربراہی کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈلاک برقرار ہے، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی وجہ سے قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل بھی تاخیر کا شکار ہے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم عمران خان کے شہباز شریف، خواجہ آصف کو چیئرمین نہ بنانے کے فیصلے سے اپوزیشن کو آگاہ کر دیا گیا۔ معاونِ خصوصی نعیم الحق کا کہنا شہبازشریف اور خواجہ آصف ہمارے لئے قابلِ قبول نہیں، نیب زدہ شخص کو چیئرمین پی اے سی نہیں بنا سکتے۔
سابق وزیراعظم شاہد خاقان کا کہنا ہے پی اے سی کی سربراہی اپوزیشن لیڈر کا حق ہے، حکومت 10 سال پرانی روایت توڑنے کی کوشش نہ کرے۔
یاد رہے وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں اپوزیشن سے دوبارہ رابطے کا فیصلہ کیا گیا، مگر اجلاس کے بعد حکومت نے اپوزیشن سے ابھی تک رابطہ نہیں کیا، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی حکومت کی جانب سے رابطے کی منتظر ہے، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی ایران کے دورے پر چلے گئے۔