لاہور: (دنیا نیوز) نیب کیسز میں گرفتاری کا ڈر، لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی عبوری ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کر دی۔
خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق قبل از گرفتاری درخواست ضمانت میں توسیع کیلئے لاہور ہائیکورٹ پیش ہوئے۔ عدالت نے دونوں بھائیوں کی قبل از گرفتاری درخواست ضمانت میں آج تک کی توسیع کر رکھی تھی۔ جسٹس محمد طارق عباسی کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے خواجہ برادران کی درخواستوں پر سماعت کی۔
خواجہ برادران کے وکیل امجد پرویز نے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی، جسٹس محمد طارق عباسی نے استفسار کیا کہ کیا انکوائری تبدیل کروانے سے متعلق درخواست پر چیئرمین نیب نے فیصلہ کر دیا ہے، جس پر نیب وکیل نے بتایا کہ چیئرمین نیب نے فریقین کو سن لیا ہے، فیصلہ ایک دو روز میں کر دیں گے۔
عدالت نے خواجہ برادران کی قبل ازگرفتاری درخواست ضمانت میں 11 دسمبر تک توسیع کرتے ہوئے گرفتاری سے روک دیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ نیب کے پاس ان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں، کیس کی تحقیقات کسی اور اچھے افسر سے کروائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے شخص ہیں جو نیب کے خلاف کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔